عوام کی شرکت کے بغیر صاف ستھرا ہندوستان ممکن نہیں، مودی
نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے حفظان صحت کیلئے نظریاتی تبدیلی لانے اور اس پر سیاست نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بہترین اور صاف ستھرا ہندوستان کا خواب ملک کی 125کروڑ آبادی کے تعاون سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ سوچھ بھارت مہم کے 3سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاف رہنا ہر شہری کی فطرت ہے اور اس سلسلے میں کسی طرح کا اختلاف نہیں ۔اگر ملک کے عوام صفائی کو اپنا فرض سمجھ لیں تو صاف ستھرا اور بہترین ہندوستان کا خواب چٹکیوں میں پورا ہوجائیگا۔صفائی کیلئے سوچ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ذہنی اور نظریاتی سطح پر تبدیلی نہیں آئیگی اس وقت تک یہ مہم کامیابی کی منزل تک نہیں پہنچ سکتی۔