Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عفت عمر کا پنجاب میں ثقافتی مشیر کا عہدہ قبول کرنے سے انکار، ’اہل سمجھنے کا شکریہ‘

کئی ایکس صارفین عفت عمر کو پنجاب حکومت میں عہدہ نہ لینے پر سراہ رہے ہیں (فائل فوٹو: عفت عمر، انسٹاگرام)
معروف ماڈل اور اداکارہ عفت عمر نے حکومت پنجاب کی ثقافتی مشیر کا عہدہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔
عفت عمر نے منگل کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پنجاب حکومت اور مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پیشکش کو قبول کرنے سے ’عاجزانہ طور پر‘ انکار کیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے اس ذمہ داری کا اہل سمجھنے کے لیے پنجاب حکومت اور مریم نواز شریف کا شکریہ۔‘
’لیکن اس بارے میں کچھ سوچ بچار کے بعد انکساری سے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کرتی ہوں اور وزارت ثقافت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔‘
عفت عمر کو مشیر ثقافت بنانے کی خبر پیر کو پاکستان کے مقامی میڈیا پر نشر ہوئی تھی۔

عفت عمر سوشل میڈیا بالخصوص ایکس پر اپنے سیاسی خیالات کے کھلے اظہار کے لیے جانی جاتی ہیں۔
وہ ماضی میں تحریک انصاف کی حامی رہی ہیں تاہم حالیہ برسوں میں کئی مواقع پر وہ اپنی اس وابستگی پر ندامت کا اظہار کرتی دکھائی دیتی رہی ہیں۔
عفت عمر سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں ڈٖیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومت پر طنزیہ انداز میں ولاگ بھی کرتی رہی ہیں۔
دو دن قبل عفت عمر کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ ایکس پر وائرل ہوا تھا جس میں وہ بتا رہی تھیں کہ انہوں نے ایک جاننے والے کے ذریعے وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔

عفت عمر سوشل میڈیا پر اپنے سیاسی خیالات کے کھلے اظہار کے لیے جانی جاتی ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

عفت عمر کو کلچرل ایڈوائزر کا عہدہ دینے جانے کی خبر پاکستان کے مقامی میڈیا پر نشر ہونے کے بعد اداکارہ کو مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
تاہم ان کے خبروں کے چند گھنٹے بعد اداکارہ نے اپنے بیان میں یہ عہدہ لینے سے انکار کر دیا۔
کئی ایکس صارفین عفت عمر کی جانب سے پنجاب حکومت میں عہدہ نہ لینے کو سراہ رہے ہیں۔
آرزو کاظمی نے تبصرہ کیا کہ ’آپ کے لیے میرنے دل میں احترام آج بڑھ گیا ہے۔’

میاں عثمان نے لکھا ’آپ پہلی خاتون نے جنہوں نے حکومتی آفر کو رد کر دیا شکریہ کے ساتھ۔‘

تاہم کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عفت عمر کو یہ عہدہ لے لینا چاہیے تھا۔
گیئر باکس ہینڈل نے لکھا کہ ’ آپ کو ذمہ داری ملے تو آگے بڑھ کر نبھانی چاہئے۔ انسان نے کام اپنی نیک نیتی سے کرنا ہوتا ہے۔ پبلک میں پاپولر اعلان کرنے کی بجائے کچھ کر کے شاباش لینے کی ہمت اور کوشش کرنی چاہئے۔آگے آپکی مرضی۔‘

صحافی اجمل جامی نے ایکس پر عفت عمر کے نئے عہدے کی مبارک باد تو اداکارہ نے اس کے جواب میں لکھا ’سر جی! میں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ہماری وزیر ثقافت عظمی بخاری پہلے ہی اس شعبے میں اچھا کام کر رہی ہیں، میں کیا ہی ایڈوائس دے سکتی ہوں انہیں۔‘

 

شیئر: