Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ روس سے عالمی امن مستحکم ہوگا، شاہ سلمان

  جدہ ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امید ظاہر کی ہے کہ انکا دورہ روس اور صدر پوٹین سمیت روس کے قائدین کے ساتھ انکے مذاکرات تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا باعث بنیں گے۔دورے سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات پورے ہونگے اور عالمی امن و سلامتی کے استحکام میں مدد ملے گی۔ وہ منگل کو جدہ کے قصر السلام میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ سعودی عرب نے امریکی شہر لاس ویگاس میں فائرنگ، کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن ، جنوبی فرانس کے شہر مارسیلا میں دہشتگردوں کے حملوں ، قندھار ، کابل ، موغادیشو اور منامہ میں دہشتگردی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ کابینہ نے مذکورہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ زخمیوں کیلئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی جبکہ شدت پسندی ، انتہا پسندی ، دہشتگردی اور اشتعال انگیزی کے خلاف برادر اور دوست ممالک کیساتھ یکجہتی کا اظہار کےا۔ اس سے قبل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے نام پیغام ارسال کرکے ان سے لاس ویگاس میں ہونے والی ہلاکتوں او رجانی نقصان پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عوام ، حکومت کے ارکان اور انہیں دہشتگردی کے اس واقعہ پر انتہائی دکھ ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے ہمدردی ہے اور زخمیوں کیلئے فوری شفا کے آرزو مند ہیں۔ سعودی دفتر خارجہ نے بھی لاس ویگاس میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت میں بیان جاری کیا تھا۔ سعودی کابینہ نے انٹرپول میں فلسطینی ریاست کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ 74ممالک نے بیجنگ میں انٹرپول کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطینی ریاست کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ سعودی کابینہ نے اسے عالمی سطح پر فلسطین کے مقام و رتبے کو راسخ کرنے کیلئے جاری مشترکہ عرب جدوجہد اور فلسطینی جہاد کی کامیابی اور سیاسی کارنامے سے تعبیر کیا۔سعود ی کابینہ نے روس کے وفاقی محکمہ سیاحت اور سعودی محکمہ سیاحت کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار محکمہ سیاحت کے سربراہ اور تحقیقات و استغاثہ کے شعبے میں روس کے جنرل پراسیکیوشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار پبلک پراسیکیوٹرکو تفویض کیا۔دوسری جانب سعودی عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ روس اور سعودی عرب خلا اور سائنسی علوم میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے۔ دونوں ملکوں کے 200سے زیادہ سرمایہ کار مشترکہ منصوبوں پر اتفاق رائے کیلئے مذاکرات کرینگے۔ دونوں ملکوں کی بڑی کمپنیوں کے نمائندے انویسٹمنٹ فورم منعقد کرینگے۔ اسکے ایجنڈے پر دونوں ملکوں کی باہمی دلچسپی کے انتہائی اہم موضوعات ہونگے۔ روس اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کا حجم 10ارب ڈالر تک پہنچا ہوا ہے۔
 

شیئر: