Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے ای ایجوکیشن کا قومی مرکز قائم کرنے کی منظوری دیدی

 جدہ .... سعودی کابینہ نے ای ایجوکیشن کا قومی مرکز قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ فیصلہ منگل کو جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر تعلیم کی سفارش پر کیا گیا۔ ای ایجوکیشن سنٹر خود مختار ہو گا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر العواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے مردو خواتین دونوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءپر مشتمل ٹریفک قانون کی منظوری دینے پر خادم حرمین شریفین کیلئے قدرومنزلت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے نائیجر کے ساتھ امن و سلامتی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے ، انڈونیشیا کے ساتھ انسداد جرائم میں تعاون کے معاہدے ، انڈونیشی وزارت اسلامی امور کے ساتھ اسلامی امور میں مفاہمتی یادداشت کی منظوریاں دیں۔ کابینہ نے زیمبیا کے دفتر خارجہ کے ساتھ سیاسی مشاورت کیلئے مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ کو دیا۔ قازقستان کے دفتر خارجہ کے ساتھ سیاسی مشاورت میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دیدی۔ مالٹا کی وزارت تعلیم کے ساتھ سائنسی اور تعلیمی تعاون کی یادداشت کا اختیار وزیر تعلیم کو تفویض کیا۔ علاوہ ازیں ملائیشیا کی وزارت خواتین و خاندان و فروغ سماج کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر تعلیم کو سپرد کیا، جاپان کے ساتھ کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری دی۔ سعودی کابینہ نے متعدد تقرریاں بھی کیں۔

شیئر: