سرفراز کو جارحانہ حکمت عملی اپنا نا ہوگی، مصباح الحق
دبئی:پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ نئی ٹیم کے ساتھ پہلے ہی میچ میںحکمت عملی کامیاب ہو اور ٹیم جیتنے لگے۔ سر فراز احمد کو سری لنکا کے خلاف تھوڑا جارحانہ انداز اپنانا ہوگا ۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ترجیحات اور منصوبہ بندی ون ڈے اور ٹی20سے مختلف ہو تی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کے نتیجے میں رنگانا ہیرتھ کا اعتماد مزید بڑھ گیا ہوگا ہماری ٹیم اور کپتان کو اب اس کے خلاف جارحانہ انداز میں کھیلنے کیلئے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ یونس خان اور میری غیر موجودگی سے بیٹنگ لائن میں کچھ خلا ضرور پیدا ہوا ہے مگر ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اسے پر کر سکتی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز میری ٹیسٹ ٹیم اسکواڈ کا بہترین کھلاڑی رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ و ننگ کمبی نیشن بنانے میں وقت لگتا ہے۔ موسمی صورتحال اور خشک پچ کی وجہ عام طور پر 2 اسپنرز کو ٹیم میں شامل کرنے کی ضرورت پڑتی ہے ۔ سابق کپتان نے کہا کہ یاسرشاہ اورمحمد عباس نے اچھی بولنگ کی جبکہ پہلی اننگز میں اوپنرز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور موجودہ صورتحال کے مطابق اسد شفیق اوراظہر علی کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی بہترہے امید ہے کہ یہ لوگ جلد سیٹ ہو جائیں گے۔دوسری اننگز میں ٹیم نے جو دفاعی اندازاختیارر کیا اس سے نقصان ہوا اور وکٹ گرنے سے بڑھنے والے دباوکا سری لنکا نے فائدہ اٹھایا حالانکہ اس ہدف کو آسانی سے حاصل کیا جاسکتا تھا ۔اب سرفراز اور ان کی ٹیم کو شکست فراموش کرکے فتح کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔ دوسرا اور آخری میچ 6 اکتوبر سے دبئی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ سری لنکا پہلا ۔ٹیسٹ 21 رنز سے جیت چکا ہے۔