Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفیر پاکستان کی گورنر قصیم سے ملاقات

پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے منگل 3اکتوبر کو گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل سے اپنی اور رہنماﺅں کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار کے لئے بریدہ میں ملاقات کی۔ سفیر پاکستان نے صوبے میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں مساعی پر گورنر اور ان کے عملے خصوصاً نائب گورنر شہزادہ فہد بن ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے گرمجوشی سے سفیر پاکستان کا اپنے دفتر میں استقبال کیا اور ان کی طرف سے گوش گزار کئے گئے مسائل کو توجہ سے سنا۔پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گورنر نے انہیں مزید گہرا کرنے کے لئے اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے مملکت کی ترقی میں خصوصاً قصیم میں رہائش پذیر پاکستان کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔شہزادہ فیصل بن مشعل نے خان ہشام بن صدیق کی طرف سے ان کے زیر غور لائے گئے امور میں گہری دلچسپی لی اور اپنے عملے کو ہدایت کی کہ وہ ان کے حل کے لئے پاکستانی سفارتخانے سے گہرے رابطے میں رہیں۔ گورنر نے خصوصاً پاکستان انٹرنیشنل اسکول بریدہ کے مسائل کو حل کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان نے گورنر کی طرف سے تعاون اور دوستی کے جذبات کے اظہار کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستانی تارکین کے مسائل کے حل کے لئے ان کا عملہ صوبہ قصیم کے متعلقہ اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ 

شیئر: