ہیری کین نے انگلینڈ کو فٹبال کے ورلڈ کپ میں پہنچادیا
ہینوور:انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان اور فارورڈ ہیری کین نے کوالیفائر میچ کے آخری منٹ میں گول کرکے ٹیم کو روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پہنچا دیا جبکہ ورلڈ چیمپیئن جرمنی نے آئر لینڈ کے خلاف شاندار فتح سے میگا ایونٹ تک رسائی یقینی بنائی ۔ورلڈکپ کے یورپیئن کوالیفائنگ راونڈ کے میچوں کے دوران انگلینڈ نے سلووینیا کے خلاف 0-1سے کامیابی حاصل کی ۔ لندن میں کھیلا جانیوالا میچ بظاہر برابر ہوتا نظر آرہا تھا لیکن ہیری کین میچ کے آخری منٹ میں انگلینڈ کو فتح دلانے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا گول ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہنچانے کی نوید ثابت ہوا اور انگلش فارورڈ نے ایک مرتبہ پھر اپنی اہمیت کا ثبوت دے دیا۔دوسری جانب جرمنی نے شمالی آئر لینڈ کے خلاف 1-3کے واضح فرق سے کامیابی سمیٹ کر ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کے دفاع کےلئے سفر مزید آگے بڑھایا۔جرمنی نے پہلے ہاف میں 2گول کی برتری حاصل کر لی تھی جبکہ تیسرا گول 88ویں منٹ میں ہوا۔شمالی آئر لینڈ کا واحد گول میچ ختم ہو نے سے چند سیکنڈ پہلے اسکور ہوا۔