مقدمات سے ڈرنے والے نہیں، کمانڈر گلابی گینگ
لکھنؤ۔۔۔۔۔گلابی گینگ کی قومی کمانڈر نے کہاہے کہ ضلع و پولیس انتظامیہ چاہے جتنے مقدمے درج کروائے، کسان ڈرنے والے نہیں۔ پولیس نے کسی بھی کسان کو گرفتار کرنے کی حماقت کی تو گلابی گینگ کی 4 لاکھ خواتین ٹرانس گنگا سٹی کیمپس میں ڈیرہ ڈال دیں گی۔ گلابی گینگ کی قومی کمانڈر سمپت پال نے 400 کسانوں پر درج ہوئے مقدمے کے بعد ٹرانس گنگا سٹی کیمپس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ زمینوں پر ہل چلانے کے بعد کسانوں کا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ کی پالیسیوں کے چلتے کسان مجبور ہوکر اب غیر معینہ مدت ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔ جب تک کسانوں کو ان کا حق نہیں مل جائے گا بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ اب ٹرانس گنگا سٹی کیمپس سے یوپی ایس آئی ڈی سی کا دفتر ہٹانے کا کام کیا جائے گا۔ اس کیلئے دفتر میںکام کرنے والے ملازمین کو الٹی میٹم دے دیا گیا ہے۔ کسانوں نے منصوبہ بند پروگرام کے تحت شنکر پور سرائے کے 19 نمبر سیکٹر میں تحویل شدہ زمین پر ٹریکٹر چلاکر جتائی کر کے قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اپنی زمین و فصل کی رکھوالی بھی کریں گے۔ اس دوران دیگر کسان لیڈر بھی موجود رہے۔