بی ایچ یو میں تشدد کے ذمہ داری وی سی ہیں ، قومی خواتین کمیشن
لکھنؤ۔۔۔۔۔قومی خواتین کمیشن کی چیئر پرسن ریکھا نے ہندو یونیورسٹی میں تشدد کے معاملے میں وائس چانسلر کو قصوروار قرار دیا ہے ۔انھوںنے کہا کہ ان کی عدم دلچسپی اور طلبا ء میں گروپ بندی کو ہوا دینے کی بنا پر یہ واقعات پیش آئے۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں، 2 دن کے بعد حکومت ہند کو رپورٹ پیش کردی جائے گی ۔ریکھا کی باتوں سے اپوزیشن کو یقین ہے کہ مرکزی حکومت ہندو یونیورسٹی میں نیا وائس چانسلر تعینات کرے گی اور اعلیٰ عہدیداروں کو سزا دے گی۔ سماجی کارکن اور کالم نگار یوگیندر یادو بھی بنارس پہنچ چکے ہیں۔ وہ یونیورسٹی میں جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے انھیں گیٹ سے واپس کردیا ہے۔ وہ دھرنا دے کر گیٹ پر بیٹھ گئے اور تشدد کے واقعات کے سلسلے میں متاثرہ طالبات اور طلبا اور یونیورسٹی عملے سے بات چیت کی ۔انہوں نے کہا کہ طالبات پر لاٹھی چارج آزاد ہندوستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ۔