Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف:لاپتہ پاکستانی لڑکی کی تلاش کےلئے رضا کار تنظیم سرگرم

طائف .... قانون نافذ کرنے والے ادارے 15 سالہ پاکستانی لڑکی کو تلاش کر رہے ہیں جو گزشتہ3 دن سے لاپتہ ہے ۔ ریجن کی فلاحی تنظیم " غوث" کے رضاکاروں نے گمشدہ لڑکی کے تلاش کےلئے اپنی خدمات پیش کر دیں۔ سبق نیوز کے مطابق جنوبی طائف کے علاقے مرکز شقصان کے قصبے مرفوض میں مقیم پاکستانی خاندان نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی کہ انکی بیٹی گزشتہ 24 گھنٹے سے لاپتہ ہے جسے ہر ممکنہ جگہ تلاش کیا مگر اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کر دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کے قدموں کے نشان اسکے گھر سے 600 میٹر تک دکھائی دیئے بعد ازاں وہ معدوم ہو گئے ۔ بچی کا نقاب بھی گھر سے کچھ فاصلے پر ملا جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے گمشدہ لڑکی کی تلاش کےلئے وادی کا مکمل سروے کیا مگر لڑکی کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔ لڑکی کے والد نے سبق نیوز کو بتایا کہ اس سے قبل انکی بیٹی کبھی غائب نہیں ہوئی تھی ۔ والد کا کہنا تھا کہ بیٹی پر کوئی " سایہ " وغیر ہ ہے اس کا علاج بھی جاری تھا ۔شقصان قصبے کے رضا کار حمد الجعید کا کہنا ہے کہ وہ اہل علاقہ کی ٹیمیں گمشدہ بچی کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ کام کررہی ہیں ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد بچی کو تلاش کر لیا جائے ۔دریں اثناءٹینکر ڈرائیور نے اطلاع دی کہ اس نے ایک نامعلوم لڑکی کو شاہراہ عام پر پیدل چلتے دیکھا تھا جس کے بعد رضا کارتنظیم " غوث" کے کارکنوں نے تلاش کی کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا ۔ تنظیم کے ذمہ دار نے بتایا کہ گمشدہ بچی کی تلاش کےلئے تشکیل دی جانے والی ٹیم میں 16 کارکن شامل ہیں جنہیں 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے پہلا گروپ لڑکی کے گھر کے اطراف تلاش کر رہا ہے جبکہ دوسرا گروپ جس میں 8 افراد شامل ہیں وہ وادی کے اطراف میں پہاڑی سلسلہ اور دیگر مقامات پر لڑکی کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے ۔ 

شیئر: