Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا معاشرتی ڈھانچہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہے ، سفیر پاکستان

غیر قانونی پاکستانی اضافی مہلت سے فائدہ اٹھائیں،،پاکستان انویسٹرز فورم کی تقریب سے خطاب
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشرتی ڈھانچہ انتہائی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے اسلئے وطن ہر طرح کے مسائل سے کامیابی سے نبرد آزما ہوکر قائم و دائم رہے گا۔ وہ گزشتہ شب پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر ریاض محمد اصغر قریشی کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور، ایئر و نیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار اور پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض کے بانی و تاحیات چیئرمین ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ کے علاوہ پاکستانی عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ خان ہشام بن صدیق نے کہاکہ پاکستان اپنی آزادی کی قیمت دہشت گردی اور دوسرے ممالک کے ساختہ عدم استحکام جیسے عفریتوں کا مقابلہ کرکے چکا رہا ہے تاہم مایوسی کی چنداں ضرورت نہیں۔ قوموں کی تاریخ میں ا یسے وقت آتے ہیں۔ پاکستان اسلامی و جوہری ملک ہے اور اپنی بقاءکے لئے جدوجہد کرنا جانتا ہے۔ سفیر پاکستان نے پاک سعودی تعلقات کو مثالی اور نتہائی مضبوط قرار دیا اور 26 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر خادم حرمین شریفین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی حکومت اب اپنی اقتصاد کا انحصار تیل پر کم کرکے دیگر عوامل پر رکھنا چاہتی ہے اس لئے قدرتی طور پر غیر سعودی افرادی قوت میں کمی لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امر ملکی کے ذریعے دی گئی 16 اکتوبر تک کی توسیع کے اختتام سے قبل غیر قانونی پاکستانی مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور وطن واپسی کا سفر اختیار کرلیں۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ سفارتخانہ قانونی حدود میں رہ کر ہر روانگی کے خواہشمند ضرورتمند کی مدد کرے گا۔ قبل ازیں میزبان محمد اصغر قریشی نے اپنے استقبالیہ میں مہمان خصوصی کی توجہ تارکین وطن کے مختلف امور کی طرف دلائی۔ عبدالمالک مجاہد نے سفیر پاکستان کو سیرة النبی پر انسائیکلوپیڈیا کا نسخہ پیش کیا۔ 
 

شیئر: