Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنترمنتر پر مظاہروں سے آلودگی کیسے؟،کانگریس

نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس نے راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے سلسلے میں مظاہرہ کرنے والوں پر روک لگانے کے نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی ) کے فیصلے پر کہا کہ اس کی مخالفت کرنے والوں سے پارٹی متفق ہے۔ کانگریس کے ترجمان کپل سبل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ میں نہیں آرہا کہ این جی ٹی نے اس طرح کا فیصلہ کیسے کیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی سمجھ سے بالا ہے کہ جنتر منتر پر دھرنے سے ماحول کیسے آلودہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی مخالفت صحیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ یہاں آس پاس کوئی بڑی آبادی بھی نہیں ۔ ٹربیونل کو کیسے محسوس ہوا کہ دھرنا مظاہرہ کرنے سے صوتی آلودگی پیدا ہوتی ہے اور ماحولیات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ٹربیونل نے جنتر منتر پر تمام مظاہروں اور لوگوں کے جمع ہونے پر دہلی حکومت کو فوراً پابندی لگانے اور وہاں قائم عارضی دکانوں اور لاؤڈاسپیکراور عوامی اعلانات کے ذرائع کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

شیئر: