Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی بڑی شکست ، جنوبی افریقہ نے دھو دیا

  بلوم فاونٹین:بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن اننگز اور 254رنز کی بڑی شکست سے دوچار ہو گئی۔ میزبان ٹیم نے سیریز میں کلین سویپ فتح سمیٹ لی۔پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو 333رنز کی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا تھا۔بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن 2اننگز کھیلنے کے باوجود جنوبی افریقہ کے ایک اننگز کا اسکور برابرکرنے میں بھی ناکام رہی ۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگزمیں اوپنر ڈین ایلگر،ایڈن میکرم،ہاشم آملہ اورکپتان فاف ڈوپلیسس کی ناٹ آوٹ سنچریوں کے ساتھ 573رنز بناکر بڑی اننگز کھیلی اور 4وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کر دیاتا کہ بنگلہ دیشی ٹیم اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھا سکے لیکن بدقسمتی سے بنگلہ دیشی ٹائیگر کاغذی شیر ثابت ہوئے اور پہلی اننگز میں 147رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہوئے۔ دوسری اننگز میں پھر بیٹنگ میں ناکامی کا شکار ہو ئے اور دوسر ی اننگز میں بھی پہلی اننگز کی طرح 43ویں اوور میں ہی پوری ٹیم 172رنزپر سمٹ گئی اور جنوبی افریقہ کے اسکور 573رنز کے قریب بھی نہیں پہنچ سکی۔ جنوبی افریقی بولرز نے اس میچ میں بھی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو کسی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔محمود اللہ 43رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، پہلی اننگز میں70رنز بنانے والے لٹن داس دوسری اننگز میں18رنز ہی اسکور کرسکے۔جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا میچ میں10وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے دونوں اننگز میں5،5وکٹیں لیں جبکہ اینڈلے نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کاگیسو ربادا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے جنوبی افریقی اوپنر ڈین ایلگر مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 
 
 

شیئر: