نئی دہلی.... حکومت ہند نے اعلان کیا ہے کہ سعودی آرامکو نے نئی دہلی کے قریب آئل ریفائنری قائم کردی۔ سعودی عرب تیل درآمد کرنے والے تیسرے بڑے ملک ہند میں سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے۔ ہندوستانی وزیر پٹرولیم نے آرامکو کے چیئرمین امین الناصر کے ساتھ آئل ریفائنری کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت دونوں ملک پٹرول اور گیس کے شعبے میں اسٹراٹیجک شراکت قائم کریں گے۔ ہندوستانی وزیر پٹرولیم نے یہ بھی بتایاکہ سعودی آرامکو ہندوستانی عملے سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہندوستان میں ریسرچ سینٹر قائم کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ آرامکو ایسے تمام ممالک میں جو اس کی مارکیٹ سمجھے جاتے ہیں آئل ریفائنریاں قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ آرامکو ہندوستان کے مغربی ساحل پر ایک آئل ریفائنری میں حصہ دار بن گئی ہے جو یومیہ 12 لاکھ بیرل تیل صاف کررہی ہے۔