ہندوستانی حاجیوں کا سفر کھٹائی میں
نئی دہلی .....ہندوستانی مرکزی حج کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت ہند نے ایئر انڈیا کی نجکاری کی تو ہندوستانی حجاج کو ہند سے ارض مقدس پہنچانے کے سلسلے میں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ مرکزی حج کمیٹی نے ہندوستانی حاجیوں کو مملکت منتقل کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب کا تعاون حاصل کرنے کی تجویز دیدی۔ انڈیا ٹی وی ویب سائٹ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہندوستانی مرکزی حج کمیٹی نے 2018ءسے 2022ءتک کا ہندوستانی حج منصوبہ پیش کردیا۔ اس میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایئر انڈیا کی نجکاری کے ہندوستانی حجاج کے سفر حج پر خطرناک اثرات مرتب ہونگے۔ کمیٹی نے ہوائی جہازوں کے ٹکٹوں میں کمی اور حج خدمات بہتر بنانے سے متعلق متعدد تجاویز بھی پیش کی ہیں۔