فان بورو..... یہاں ایک انجان مسافر ٹرین کے سفر کے دوران بیمار پڑ جانے والے بچے کیلئے مسیحا بن گیا او رلوگ بھی اسے ہیرو قرار دینے لگے۔ تفصیلات کے مطابق گیانا پیلنگ نامی خاتون اپنے 2چھوٹے بچوں کے سا تھ سفر کررہی تھی جن میں سے ایک بچہ 5سالہ جیک اورٹیزم یعنی سر چکرانے اورتنفس تیز ہوجانے کے مرض میں مبتلا تھا۔ اچانک کچھ ایسا ہوا کہ بچے کی حالت بری طرح بگڑ گئی اور خاتون کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ کس طرح بیمار بچے کو دیکھے اور دوسرے کو سنبھالے۔ اسے کسمپرسی کی حالت میں دیکھ کر ایک انجان مسافر کو رحم آیا اور اس نے بغیر کسی تامل کے آگے بڑھ کر خاتون اور بچے کی مدد کی۔ 21سالہ ڈان بال نے خاتون کے پاس جاکر اسے تسلی دی اور بچے کا منہ ہاتھ دھلایا جس کے بعد اس کی حالت سنبھلی۔ یہ پوری کارروائی کسی نے وڈیو پر ریکارڈ کرلی جو پیر کو آئی ٹی وی چینل پر دکھائی گئی اور اسے دکھانے کا مقصد یہ تھا کہ لوگ نامساعد حالات میں اسی طرح مشکلات میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کو اپنا شعار بنالیں۔ پروگرام کے دوران مسز پیلنگ دونوں بچوں کے ساتھ تھیں اور انکے بچے کی مدد کرنے والا ڈان بال بھی موجود تھا جسکا کہناتھا کہ اس نے صرف اپنا فرض ادا کیا ہے۔