Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام بورڈز ویمن کرکٹرز کی مراعات میں اضافہ کریں ، آئی سی سی عہدیدار

دبئی:انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی اعلیٰ عہدیدار اور انگلینڈ کی سابق آل راونڈر و کپتان کلیئر کونر نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو مثال بناتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو دی جانے والی مراعات میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ وہ مالی مشکلات کے باعث کرکٹ کو خیرباد کہنا چھوڑ دیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی خواتین کھلاڑیوں کی کمیٹی کی سربراہ کونر کے مطابق اس تناظر میں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے اقدامات کو مثال بنانا چاہیے۔ حال ہی میں آسٹریلیا میں خواتین کرکٹرز کی تنخواہوں میں ڈرامائی طور پر 8 گنا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی ان کو ملنے والی دیگر مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا۔کونر کے مطابق ہمیں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے کہ خواتین کھلاڑیوں کی بہتری کے لئے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس مرتبہ خواتین کا عالمی کپ انگلش ٹیم نے جیتا تھا اور اس ٹورنامنٹ کی کامیابی کو خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا کیونکہ نہ صرف اسٹیڈیمز میں شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود رہی بلکہ ٹیلی وژن پر بھی اسپانسرز کی دلچسپی قابل ستائش رہی۔اس تناظر میں بحث جاری ہے کہ خواتین کی کرکٹ سے ہونے والی عالمی کمائی سے کھلاڑیوں کو کیا حصہ مل رہا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے بعد دنیا کے امیر ترین ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کرے گاتاہم اس حوالے سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ کونر کے مطابق اس کھیل میں مردوں کو زیادہ مراعات دی جاتی ہیں جبکہ خواتین کرکٹرزپر توجہ نہیں دی جا رہی۔

شیئر: