آئی سی سی نے ٹیسٹ ورلڈ چیمپیئن شپ کے انعقاد کی منظوری دیدی
آکلینڈ:انٹر نیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے ٹیسٹ میچ ورلڈ چیمپیئن شپ اور ون ڈے لیگ کے انعقاد اور معاہدے کی منظوری تودے دی لیکن پاک و ہند کے ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کے بارے میں کوئی واضح فیصلہ نہیں ہو پایا جبکہ پی سی بی نے ان مقابلوں میں شرکت پر مشروط رضامندی کا اظہار کر دیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آکلینڈ میں ہونے والے بورڈ اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی ہندوستانی بورڈ کے ساتھ پہلے سے چلے آرہے معاملات کے فیصلے تک اس کے ساتھ ان نئے مقابلوں میں شرکت سے انکار کے معاملے پر اڑے رہے ۔یا د رہے ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ون ڈے لیگ کے دوران تمام شریک ممالک کو آپس میں کھیلنا ہوگالیکن یہ سوال حل طلب رہا کہ پاکستان اور ہند کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف اس معاملے میں کیا طرز عمل اختیارکریں گی۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ طویل عرصے سے حکومتی اجازت کی آڑ میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز میں شرکت سے انکار کررہا ہے اور اس وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصانات سے بھی دوچار ہو نا پڑاہے ۔ ان نقصانات کے ازالے کے لئے بھی پی سی بی اقدامات کررہا ہے ۔جہاں تک نئی چیمپیئن شپ اور لیگ کا معاملہ ہے تو ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی اس یقین دہانی کے بعد ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ون ڈے لیگ میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی کہ پاک و ہند کے درمیان اس حوالے سے تفصیلات طے کرلی جائیں گی جن کے تحت دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکیں گی۔اس سارے معاملے میں دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ آئی سی سی کے زیر انتظام میگا ایونٹس میں ہندوستانی بورڈ نے پاکستان کے ساتھ کسی مقابلے میں شرکت سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ورلڈکپ اور چیمپیئنز ٹرافی اس کا واضح ثبوت ہیں لیکن جہاں معاملہ دو طرفہ سیریز کا ہو تو ہندوستانی بورڈ بی سی سی آئی آمادگی کا اعلان کرنے کے بعد حکومت سے اجازت نہ ملنے کا بہانہ کرکے ہر بار پیچھے ہٹتا رہا ہے ۔