کٹھمنڈو ..... نیپال نے ایک بار پھر ماﺅنٹ ایورسٹ کی بلندی ناپنے کیلئے سروے شروع کردیا ہے کیونکہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2015ءکے تباہ کن زلزلے میں اس پہاڑ کی اونچائی کم ہوئی ہے۔ سرکاری طور پر بتایا جاتا ہے کہ یہ پہاڑ8848میٹر یعنی 29029فٹ بلند ہے۔ پہلی مرتبہ اسکی پیمائش 1954ءمیں ہوئی تھی۔ اگرچہ دیگر ٹیموں نے بھی اسکی پیمائش کی تھی تاہم 1954ءمیں ہونے والی اس پیمائش کو ہر ایک نے تسلیم کیا تھا۔2015ءمیں نیپال میں آنے والے طاقتور ترین زلزلے کے نتیجے میں اسکی بلندی میں کمی واقع ہونے کا دعویٰ کیا جارہاہے۔ نیپال نے از خود کبھی بھی ماﺅنٹ ایورسٹ کی پیمائش نہیں کی جو اس علاقے میں دنیا کا بلند ترین پہاڑ کہلاتا ہے۔ حکومت کے محکمہ سروے کے سربراہ گنیش پرساد بھاٹیہ نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں پر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ نیپال بھی اپنے طور پر ایورسٹ کی پیمائش کرسکتا ہے۔ نیپالی اور غیر ملکی ماہرین کی ایک ٹیم نے نئے سروے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور خیال ہے کہ اس کام کے مکمل ہونے میں 2سال لگیں گے۔ ماہرین کی ٹیم اگلے سال اپریل میں سارے سازوسامان کے ساتھ پہاڑ پر جائیگی۔اگر ایسا نہ ہوا تو وہ اکتوبر میں جائیگی جب پہاڑ پر موسم کی صورتحال اچھی ہوجاتی ہے۔