Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا ہاکی کپ: روایتی حریف کل آمنے سامنے ہونگے

ڈھاکا(ایجنسیاں) بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا سب سے اہم اور سنسنی خیز میچ 15اکتوبر کو روایتی حریفوں پاکستان اور ہند کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان اور ہند کی ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہیں۔ ہندوستانی ٹیم جاپان اور بنگلہ دیش کو شکست دیکر فائنل فور مرحلے کےلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔ دوسری جانب پاکستان جاپان کے خلاف میچ برابر کرنے کی وجہ سے فائنل فور میں تاحال جگہ پکی نہیں کرسکا ۔ہند کے خلاف میچ جیت کر پاکستان اگلے راونڈ میں پہنچ جائے گا لیکن شکست کی صورت میں اسے جاپان اور بنگلہ دیش کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔جاپان ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اگر اس نے بنگلہ دیش کو 7،8 گول کے بڑے مارجن سے شکست دے دی اور پاکستان ہندسے ہار گیا تو فائنل فور میںہند اور جاپان کی ٹیمیں پہنچ جائیں گی۔دوسری صورت میں پاکستان ہندسے ہار گیا اور جاپان بھی بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست نہ دے سکی تو پاکستان بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل فور میں پہنچ جائے گا۔ہندنے 3 ماہ پہلے ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کو 2بار شکست سے دوچار کیا تھا لیکن اس بار ٹیم کی قیادت تجربہ کار محمد عرفان کو دی ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اسی لئے اس ٹیم کو مضبوط تصور کیا جارہا ہے۔ایشیا کپ میں پاکستان اور ہند کی ٹیمیں6 بار آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان 5 مرتبہ اور ہند صرف ایک بار کامیاب رہا ہے۔مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان 170 میچ ہوچکے ہیں جس میں ہند 57 اور پاکستان 82 میچز میں کامیاب رہا ہے جبکہ 31 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ایشیا کپ میں پاکستان ہندکے خلاف اب تک 18 اور ہند پاکستان کے خلاف صرف10 گول کرسکا ہے۔

شیئر: