Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن کرکٹرز کا ٹی ٹوئنٹی کیلئے لاہور جا نے سے انکار

کولمبو:پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف سیریز کے آخری میچ کے لئے لاہور جانے سے انکار کر دیا ۔سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل 40کرکٹرز نے بورڈ سے تحریری طور پر کہا ہے کہ وہ لاہور جا کر کھیلنے کے لئے تیار نہیں اس لئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا مقام تبدیل کیا جائے۔پروگرام کے مطابق یہ میچ 29اکتوبر کو ہونے والا ہے اور آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن بورڈ کے حکام نے پی سی بی کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی تھی ان کی ٹیم آخری میچ کے لئے لاہور جائے گی۔بورڈ کو لکھے جانے والے خط پر دبئی میں موجود پورے اسکواڈ کے علاوہ سری لنکا میں موجود کھلاڑیوں نے بھی دستخط کئے ہیں۔سری لنکن بورڈ ذرائع نے بتایا کہ اس معالے پر کرکٹرز سے فوری بات کی جائے گی جبکہ آ ئی سی سی حکام بھی انہیں لاہور کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے سری لنکن کھلاڑی تھیسارا پریرا کے سوا تمام کھلاڑی پاکستان جاکر کھیلنے کے خلاف ہیں اور پریرا کے بارے پتہ چلا ہے کہ انہوں نے اس خط پر دستخط نہیں کئے۔بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہماراہمارا سب سے قریبی کرکٹ اتحادی ہے اور ہم اسے شرمندہ نہیں کرنا چاہتے۔ ایک امکان یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ لاہور میں رکھے گئے میچ کے لئے سری لنکا کی دوسرے درجے کی ٹیم بھیجی جائے اور اس حوالے سے تمام امکانات بروئے کار لائے جائیں گے۔

شیئر: