دمام.... سعودی آرامکو نے دیوہیکل آئل ٹینکر کو پٹرول کا پہلا کنواں دریافت کرانے والے بادیہ نشین " خمیس بن رمثان" کے نام سے منسوب کرکے وفاداری کا حق ادا کردیا۔ آرامکو نے اس سے قبل 1974 ءمیں مشرقی ریجن میں دریافت ہونے والی ایک آئل فیلڈ کو بھی " بن رمثان" کے نام سے منسوب کیا تھا۔ خمیس بن رمثان نے کنواں نمبر 7 یا بئر الخیر دریافت کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ابن رمثان کو امریکی ماہرین طبقات الارض انتہائی عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ ان میں سے ایک کا کہنا ہے کہ ابن رمثان کے ہوتے ہوئے آپ راستے نہیں بھول سکتے تھے۔ وہ چھٹی حس اور معجزاتی یادداشت کی بدولت آپ کو آپ کی منزل اور صحیح راستے پر پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے مملکت میں پٹرول کی تلاش اور کھدائی کی ذمہ داری بن رمثان اور ایک امریکی کو تفویض کی تھی۔ امریکی کمپنی تیل کی تلاش کرکے مایوسی کی منزل تک پہنچ گئی تھی تاہم امریکی شہری میکس اسٹینکی اور خمیس بن رمثان نے 7 کوششوں کی ناکامی کے بعد کنواں نمبر 7 دریافت کرکے ہی دم لیا۔ یہ سعودی ریاست کا پراگندہ شیرازہ جمع ہونے کے 2 برس بعد 1353 ھ میں پٹرول کا کنواں دریافت کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ امریکی ٹیم کئی بار راستہ بھولی تاہم بن رمثان کی یادداشت اور چھٹی حس نے ان کی مدد کی۔ ان کے پوتے شبیب بن محمد بن خمیس بتاتے ہیں کہ مملکت کے سابق وزیر پٹرولیم علی النعیمی ان کے دادا جان بن رمثان سے انتہائی عقیدت رکھتے تھے۔ بن رمثان کا انتقال 1959 ءمیں اس وقت ہوا جب وہ عمر کے پانچویں عشرے میں داخل ہوچکے تھے۔