ریاض میں مصری گلوکارہ شیرین کا گانا منسوخ
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
ریاض: سعودی محکمہ تفریحات نے ریاض میں کینسر کے مریض بچوں کی مدد کے لئے فلاحی انجمن سند کے عطیات پروگرام میں مصری گلوکارہ شیرین عبد الوہاب کا گانا منسوخ کردیا۔ محکمہ تفریحات نے ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر واضح کیا کہ فلاحی انجمن نے گلوکارہ کے گانے کی اجازت حاصل نہیں کی تھی ، اس وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا۔ محکمہ نے اس قسم کے پروگرام منظم کرنے کی خواہشمند کمپنیوں اور اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس طرح کا کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے سے قبل مقررہ ضوابط کے مطابق اجازت نامہ حاصل کریں اور متعلقہ فریقوں کے حقوق کا پاس کریں۔ مصری فنکارہ شیرین خواتین کے لئے مخصوص پروگرام میں گانا پیش کرنے والی تھیں۔ پروگرام 31اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ اس کے ٹکٹ 3تا10ہزار ریال میں فروخت ہوئے۔ شیریں کے گانے کی خبر نے سوشل میڈیا پر سعودی معاشرے میں آگ لگا دی تھی۔ بعض لوگوں نے اس پر سخت نکیر کی تھی۔ کئی لوگوں نے اس کی مدافعت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بنیادی مقصد کار خیر ہے۔