شنگھائی ماسٹرز: راجر فیڈرر نے عالمی نمبر ون رافیل نڈال کو شکست دےدی
شنگھائی:سوئس ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ٹو راجر فیڈرر نے شنگھائی ماسٹرز کے فائنل میں روایتی حریف عالمی نمبر ون اسپین کے رافیل نڈال کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کے ٹائٹل جیت لیا ۔طویل عرصے کے بعد ان دونوں ٹینس اسٹارز کا کسی فائنل میں آمنا سامنا ہوا تھا اور سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی۔ راجر فیڈرر نے مکمل برتری کے ساتھ ایک گھنٹے اور12منٹ کے کھیل میں کامیابی اپنے نام کی۔ رافیل نڈال میچ کے دوران کسی مرحلے پر فیڈرر کے نپے تلے کھیل کا جم کر مقابلہ نہ کر پائے۔فیڈرر نے یہ فائنل6-4اور6-3سے جیتا اور حالیہ سیزن میں نڈال کو چوتھی مرتبہ ہرانے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ روایتی حریف کے خلاف یہ ان کی مسلسل پانچویں کامیابی ہے جودونوں کے درمیان مقابلوں کا نیاریکارڈ بھی ہے ۔فیڈرر کو سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے مارٹن ڈیل پوٹرو کے خلاف کافی سخت مقابلہ کرنا پڑا تھا۔ فائنل میں کھیل ان کے لئے اتنا ہی آسان ثابت ہوا۔19گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے راجر فیڈر کے کیریئر کی 94فتح تھی۔ رافیل نڈال اس سال فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب رہے۔ راجر فیڈرر نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں کامیابی سمیٹی۔ میچ کے بعد فیڈرر نے کہا کہ آج میں نے کسی بھی غلطی سے پاک کھیل کا مظاہرہ کیا اور نڈال جیسے کھلاڑی کے سامنے غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہوتی۔