ریاض.... سعودی مجلس شوریٰ کے ارکان نے بجلی کمپنی کی اجارہ داری ختم کرنے اور ہوشربا بل کی گتھی سلجھانے کا مطالبہ کر کے ایوان میں ہنگامہ برپا کر دیا۔ منگل کو نائب صدر ڈاکٹر محمد الجفری کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی کے ہوشربا بل ، ٹریفک قوانین میں ترامیم اور میڈیا میں سعودی عرب کو بدنام کرنے والوں کی بلیک لسٹ تیار کرنے کے مطالبے زور شور سے کئے گئے۔ بجلی بورڈ کی سالانہ رپورٹ برائے 1436-37ھ پر بحث کے دوران رکن شوریٰ علی التمیمی نے کہا کہ صارفین آسمان کو چھونے والے بجلی بل سے پریشان ہیں۔ بجلی بورڈ اسمارٹ میٹر نصب کر کے اس مسئلے کو پہلی فرصت میں حل کرائے۔ ایک اور رکن شوریٰ ناصر العتیبی نے مطالبہ کیا کہ بجلی سازی کے مستقبل کی حکمت عملی تیارکرنا ہو گی۔ انہوں نے ایک ادارے سے دوسرے ادارے کی بجلی ریڈنگ میں فرق پر حیرت کا اظہار کیا۔ رکن شوریٰ معدی آل مذہب نے مطالبہ کیا کہ بجلی کمپنی کی اجارہ داری ختم کی جائے۔ بجلی سازی اور تقسیم کے عمل میں مقابلے کا دروازہ کھولا جائے۔ ایسا کر کے ہی ہم عوامی دولت کی حفاظت اور صارفین کی شکایات دور کر سکیںگے۔ مجلس شوری کے ماتحت اقتصادی و توانائی کمیٹی نے اپنی سفارش میں مطالبہ کیا کہ بجلی بورڈ ، بجلی کے نئے نرخ نامہ کا گہرائی سے جائزہ لے۔ سعودی بجلی کمپنی کی مالیاتی پوزیشن کی اصلاح کرے۔ ایک اور رکن شوریٰ نے کہا کہ جب تک بجلی کمپنی کی اجارہ داری ختم نہیں ہو گی اور دیگر کمپنیوں کو بجلی خدمات پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا تب تک بات نہیں بنے گی۔ شوریٰ کے اجلاس میں ٹریفک قانون میں ترامیم سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ارکان شوریٰ نے 1436-37ھ مالی سال سے متعلق وزارت ثقافت و اطلاعات کی سالانہ رپورٹ پر بھی بحث کی۔ انہوں نے ای میڈیا کے شعبے میں وزارت سے اپنی کارکردگی بلندکرنے کا مطالبہ کیا۔ بعض ارکان شوریٰ نے کہا کہ وزارت نے اب تک خارجی ابلاغ کی کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی۔ خصوصی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزارت اطلاعات میڈیا میں سعودی عرب کو بدنام کرنے والوں کی فہرست تیار کرے۔