Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی آفاقی قومیت کی عظیم مثال

علی گڑھ ۔۔۔۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی اور ہندوستان کی نشاۃِ ثانیہ کی علامت سرسید احمد خان کے2 صد سالہ یوم پیدائش تقریب کے موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھر جی نے کہا کہ سرسید احمد خان ایک عظیم مفکر اور جدید سائنسی تعلیم کے مبلغ تھے اور انہوں نے اپنی دور بینی سے ہندوستان کے سامراجیت سے دوچار سماجی منظر نامے کو جدید جمہوری اقدار سے مزین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مکھر جی کو روایتی طریقہ سے رائڈنگ کلب کے شہ سواروں نے بگھی میں بٹھاکر جائے تقریب ایتھلیٹکس میدان پہنچایا۔ سابق صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھر جی نے کہا کہ سرسید نے کالجوں کے قیام اور جرائد کی اشاعت کے توسط سے مغربی تعلیم کے اہم عناصر کو سائنسی تعلیم کے تناظر میں فروغ دینے کیلئے کوشش کی اور تعلیم کے فروغ کو ہی اپنا مشن بنایا۔ سابق صدر نے کہا کہ دور حاضر میں ہمیں سرسید کے مشن کے بنیادی عناصر پر گہرائی سے غور کرکے اعلیٰ معیاری تحقیق ، تخلیقی قوتوں اور علم پر مبنی سماج کے قیام کیلئے کام کرنا ہوگا کیونکہ یہی اس ملک کو عظیم ممالک کی صف میں شامل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی آفاقی قومیت کی سب سے بڑی مثال ہے جہاں مختلف مذاہب ، ذاتوں ، زبانوں اور علاقوں کے طلبہ مل جل کر رہتے ہوئے تعاون اور ہمدردی کی اعلیٰ روایات کے تحت ملک کو آگے بڑھانے میں مصروف ہیں۔

شیئر: