ایشیا ہاکی کپ سپرفور: پاکستان کو ملائیشیا نے 3-2 گول سے ہرادیا
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں جاری10ویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سپرفور مرحلے میں ملائیشیا نے پاکستان کو2-3گول سے شکست دیدی۔ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور ملائیشیاکی ٹیمیںمقابلے میں تھیں۔کھیل کے پہلے کوارٹر میں دونوں جانب سے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے گئے ۔ پاکستان کی جانب سے عمر بھٹہ نے میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول کر کے 0-1کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اظفر یعقوب نے ایک اور گول کرکے ملائیشیا پر 02-کی سبقت حاصل کرتے ہوئے برتری مزید مستحکم کردی۔پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ملائیشیا کے فارورڈز نے یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔کھیل کے دوسرے کوارٹر کے ابتدائی چند منٹوں میںملائیشیانے ایک اور گول کر کے پاکستان پر سبقت حاصل کرلی۔اس کے بعد دونوں ٹیمیں سخت کوشش کے باوجود مزید کوئی گول نہ کرسکیں ۔ ملائیشیا کے کھلاڑیوںنے اپنی برتری کی وجہ سے دفاعی کھیل پر زیادہ توجہ دی اور پاکستانی فارورڈز کو قابو کرنے کی کوشش میں کامیاب رہے ۔ ملائیشین کھلاڑیوں کی یہ حکمت عملی انتہائی کامیاب رہی اور میچ جیتنے میں کارگر ثابت ہوئی۔ ملائیشیا کی جانب سے رضی رحیم، شاہرل صباح اور فطری ساری نے ایک، ایک گول کیا۔پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا دوسرا میچ جنوبی کوریا سے کھیلے گا۔