Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک رپورٹ کیاگیا

  دبئی :پاکستانی بلے باز اور آف اسپنر محمد حفیظ کے ایکشن کو ایک مرتبہ پھر مشکوک رپورٹ کردیا گیا۔ گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف تیسرے میچ میں محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا۔میچ آفیشلز نے آئی سی سی کو رپورٹ کیا کہ محمد حفیظ کے ایکشن کے قانونی ہونے کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ یہ رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دے دی گئی ہے۔حفیظ کے بولنگ ایکشن کا آئی سی سی کے قانونی ضابطوں کے تحت 14 دن کے اندر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا لیکن اس دوران انہیں بولنگ کرنے کی اجازت ہو گی اور بولنگ ایکشن کے نتائج آنے تک وہ بولنگ کر سکیں گے۔آل راونڈر کے پاس بولنگ ایکشن کلیئر کرانے کیلئے محض 14 دن کا وقت ہے۔واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 ءسے بولنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 ءمیں رپورٹ ہوا تھا اسی سال دسمبر میں انہیں بولنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر بولنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔جون 2015 ءمیں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا جس کے بعد جولائی 2015 ءمیں ایکشن دوسری مرتبہ غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برزبن کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں بولنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا ۔

شیئر: