لاہور میں کھیلنے سے انکار پر سری لنکن کرکٹرز کو ٹیم سے نکالنے کی دھمکی
کولمبو:سری لنکن چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے اپنے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف لاہور میں ہونے والا تیسرا ٹی20 میچ کھیلنے سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کو بقیہ میچوں کیلئے بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والاہے اور 2009 کے بعد یہ سری لنکا کا پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل میچ ہو گا۔یاد رہے کہ کپتان سمیت کئی سری لنکن کرکٹرزپاکستان جانے سے انکار کر چکے ہیں۔کھلاڑیوں کے طرز عمل کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے سخت موقف اپنا لیا ہے ۔گریم لبروئے نے کہا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو قائل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی جو کھلاڑی نہیں مانیں گے وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو کھلاڑی پاکستان جانے پر رضامند ہوں گے صرف انہیں ہی پوری سیریز کیلئے منتخب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ سلیکٹرز کا نہیں بلکہ سری لنکن بورڈ اور وزارت کھیل کا بھی ہے اور اگر بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا تو اس صورت میں انہیںسیریز کیلئے نئے کپتان کا تقرر کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ کپتان اپل تھرنگا پہلے ہی لاہور میں کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔