جدہ.... نئے عمرہ موسم کا آغاز یکم صفر سے ہوچکا ہے۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں 10 ملین معتمرین کی آمد اور روانگی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ امسال عمرہ موسم یکم صفر سے 18 شوال تک جاری رہے گا۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ آنے والے مسافروں کیلئے مختص ٹرمینل میں ایک گھنٹہ کے دوران 1800 معتمرین کو خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ مملکت سے روانہ ہونے والوں کیلئے مختص ٹرمینل میں ایک گھنٹہ کے دوران 1700 معتمرین کو جملہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ معتمرین کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر 27 سے زیادہ سرکاری اداروں کے دفاتر کھولے جاچکے ہیں۔ واس سے گفتگو کرتے ہوئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ترکی الذیب نے کہا ہے کہ امسال عمرہ موسم کیلئے قبل از وقت تیاری کرلی گئی ہیں۔ معتمرین کے استقبال اور رخصت کے لئے جامع منصوبہ تیار کرلیاگیاہے۔ محکمہ شہری ہوابازی کی نگرانی میں آپریشنل پلان تیار کیاگیا ہے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سعودی عرب کے بارے میں پہلا اور آخری تاثر پیش کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ارض مقدس پہنچنے والے عازمین کو بہترین خدمات فراہم کرکے اچھا تاثر فراہم کریں۔ اسی طرح جب وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس جارہے ہوں تو اس وقت بہترین خدمات پیش کرکے ان کے سفر کو یادگار بنائیں اور جب وہ یہاں سے رخصت ہوں تو مملکت کے بارے میں بہترین تاثر لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ٹرمینل پر آنے والے معتمرین کی کاغذی کارروائی ریکارڈ وقت میں نمٹانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ امسال مسافروں کے تمام معاملات ریکارڈ وقت میں انجام دیئے جائیں گے۔ امیگریشن سے فارغ ہوکر معتمرین کا استقبال وزارت صحت اور دیگر ادارے کریں گے۔ انتظار کی مدت کم سے کم کرنے کیلئے سامان کی وصولی کی کارروائی کا وقت کم سے کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔