ایشیا ہاکی کپ:ہند نے 10سال بعد ٹرافی جیت لی،پاکستان کانسی کا تمغہ حاصل کرسکا
ڈھاکا:10ویں ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے ملائیشیا کو1-2سے شکست دے کر10سال بعد ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان نے جنوبی کوریا کو3-6سے ہرا تیسری پوزیشن کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیت لیا۔بنگلہ دیشی دارالحکومت میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل کے دوران تیسرے ہی منٹ میں رمن دیپ سنگھ نے گولکر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کا دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے پہلے للت اپا دھیائے نے دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ ملائیشین ٹیم نے میچ کے 50ویں منٹ میں شاہرل صبا کے گول کے ذریعے ہندوستانی برتری کو کم کیا۔ تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے غیر متوقع طورپرشاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا ک کے خلاف کامیابی سمیٹ کی کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔ اعجاز احمد نے ہیٹ ٹرک کی اور مین آف دی میچ کے ساتھ گول آف دی میچ کا انعام بھی حاصل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سپر فور مرحلے کے دوران پاکستان اور ہند کی ٹیمیں جنوبی کوریا کے خلاف ایک، ایک گول سے برابر رہی تھیں اور اسی میچ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم کی پوزیشن خراب ہوئی تھی تاہم تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم بالکل مختلف نظر آرہی تھی اور اس نے جنوبی کوریا کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اعجاز احمد نے میچ کے10ویں،30اور36ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے دیگر گول راشد محمود،ابو محمود اور محمد یعقوب نے اسکور کئے۔ جنوبی کوریا کی جانب سے ہون چو، نیم ینگ اورانوو سیو نے گول کئے۔پاکستانی فارورڈ اعجاز احمد کے کھیل نے پاکستان ہاکی کے سنہری دور کی یاد تازہ کردی۔