کولیما، میکسیکو .... میکسیکو کے مغربی علاقے میں ایک بچہ 10مہینے میں ہی 9 سال کے بچوں کے وزن کے برابر ہوگیا ہے اور اسی لئے یہ کہا جارہا ہے کہ امکانی طور پر یہ بچہ دنیا کا سب سے فربہ اندام اور وزنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 10ماہ کا یہ بچہ ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتا رہتا ہے اور اسکا ہاتھ روکے نہیں رکتا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ٹیکومان قصبے کا رہنے والا 10ماہ کا بچہ لوئس مینول کے والدین کا کہناہے کہ وہ صرف ایک ماہ تھا تب 2سال کے بچوں کے کپڑے اسے پورے آتے تھے۔ تمام تراکیب کے باوجود نہ تو اس کا وزن کم ہورہا ہے اور نہ ہی مٹاپے میں کمی واقع ہورہی ہے۔ ڈاکٹروں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ ایک ناقابل علاج قسم کی بیماری میں مبتلا ہے جسے پریڈر ویلیسنڈروم کہا جاتا ہے۔ بچے کے والدین کو ہر لمحہ یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کب کس وقت انکابچہ فوت ہوجائے۔ صرف 10ماہ میں اسکا وزن 30کلو ہوچکا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر یہی کیفیت برقرار رہی تو بچہ کسی بھی لمحے حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوسکتا ہے۔ طبی نکتہ نظر سے دیکھا جائے تو جینیاتی خرابی اس قسم کے امراض کا سبب بنتی ہے اور جب یہ مرض لاحق ہوتا ہے تو ہر وقت کھاتے رہنے کی خواہش ہوتی ہے جو رفتہ رفتہ ہو س میں بدل جاتی ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اسکے والدین غریب ہیں اور اگر اسکا کچھ علاج ہے بھی تو طبی اخراجات پورے کرنے کیلئے وہ خود کو قاصر محسوس کرتے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے لوگوں سے عطیات کی اپیل کی ہے تاکہ بچے کا علاج ہوسکے۔ جہاں تک اسکے دنیا کا سب سے موٹا بچہ ہونے کی بات ہے تو ایسا کوئی ریکارڈ اب تک موجود نہیں جو اس دعوے کی تصدیق کرسکے۔