فلسطین کا حل ترجیحات میں سرفہرست
ریاض.... سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل اسکی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ مملکت نے امید ظاہر کی کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور 1967 ءمیں مقبوضہ گولان کی شامی پہاڑیوں اور لبنانی اراضی سے اسرائیلی انخلاءپر خطے کے تمام ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات قائم ہونگے۔ امن وامان میسر آئیگا۔ امن معاہدے کی بنیاد پر اسرائیلیوں او رعربوں میں کشمکش ختم ہوگی۔ سعودی عرب نے اپنے اس یقین کا اظہار اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کے سامنے کیا۔ سعودی موقف اقوام متحدہ کے یہاں سفارتی مشن کے سیکریٹری سوم محمد خشان نے پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی حکام اب تک فلسطینی عوام کے خلاف تمام بین الاقوامی روایات اور دستاویزا ت کی کھلی خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔ یہودی بستیوں کی مسلسل تعمیر ، طاقت کا اندھا استعمال اور مسجد اقصیٰ میں بے نظیر کھلم کھلا جارحانہ اقدامات جاری ہیں۔