امید کرتے ہیں کہ سفارتخانہ پاکستان آئندہ بھی غزل کے پروگرام کرتا رہے گا، کمیونٹی
ریاض (ذکا ءاللہ محسن ) معروف پاکستانی غزل گائیک اور کلاسیکل میوزک کے لیجنڈ استاد حامد علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں سعودی عرب آکر بہت خوشی ہوتی ہے اور جس طرح ان کو محبتوں سے نوازا گیا ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگی رہنما چوہدری اکرام کے دئیے گئے ظہرانے میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان نے جس عمدہ طریقے سے پروگرام کا انعقاد کیا اس کی مثال نہیں ملتی اور پروگرام کے دوران جس طرح ہزاروں پاکستانیوں نے ان کو داد دی اس سے ان کو بے پناہ مسرت ملی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان کوئی اکیڈمی بناتی ہے تو یقینی طور پر کلاسیکل موسیقی میں مزید نکھا ر پیدا ہو سکتا ہے۔ میزبان چوہدری اکرام کا کہنا تھا کہ وہ استاد حامد علی خان کے بے حد ممنون ہیں کہ انہوں نے ان کی دعوت قبول کی ۔مسلم لیگ) ن( کے سینیئر رہنما خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ استاد حامد علی خان پاکستان کا فخر ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ سفارت خانہ پاکستان آئندہ بھی ایسے پروگرام کراتا رہے گا۔ ناصر محمود کا کہنا تھا کہ استاد حامد علی خان منفرد گلوکار ہیں ۔ہم سب ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ یہاں پاکستانی کمیونٹی مل جل کر رہتی ہے ۔ظہرانے میں مسلم لیگی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے علاوہ ویلفیئر اتاشی جدہ قونصلیٹ اور دیگر کمیونٹی ممبران بھی شریک تھے۔