کمیونٹی کے مسائل ایمانداری سے حل کرتے ہیں،نجیب اللہ
میمن کمیونٹی نے سعودی عرب اور پورے عالم میں فلاحی خدمات میں اعلیٰ مقام حاصل کیاہے، طیب موسانی
جدہ (زبیر پٹیل) میمن ویلفیئر سوسائٹی پچھلے 9سال سے سعودی عرب میں کمیونٹی میں فلاحی خدمات بلا تفریق او ربلا توقف کے انجام دے رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج میمن ویلفیئر(ماسا ) نے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے عالم میں فلاحی خدمات میں بڑا نام اور اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ یہ بات میمن ویلفیئر سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے سوسائٹی کی 9 سالہ تقریب اور ماہنامے کے 100شمارے مکمل ہونے پر ایک منعقدہ تقریب میں کہی۔ یہ تقریب جدہ کے مقامی ریستوران میں ہوئی جس میں جدہ کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ویلفیئر قونصل پاکستان قونصلیٹ جدہ کے نجیب اللہ خان درانی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ محمد احمد کمال مکی نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد احمد عرفان نے ہدیہ نعت پیش کی۔
صدر ویلفیئر سوسائٹی عرفان احمد کولسا والا نے تمام مہمانوںکو خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں انسانوں کو انسانوں کا شکرگزرا ہونے کاد رس دیا اور کہا کہ جو انسان جتنی ویلفیئر خدمات انجام دے سکتا ہے اسکا شکر ادا کیا جانا چاہئے۔
طیب موسانی نے ویلفیئر سوسائٹی کے چند ماہناموں کی جھلکیاں بذریعہ پروجیکٹر حاضرین کو پیش کیں جس میں سوسائٹی کی آج تک کی خدمات کا نچوڑ تھا۔ حاضرین نے ویلفیئر کے منظم طریقے پر کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب سے اقبال ایڈوانی، محمد بدیع، منصور شیوانی، یونس حبیب، سراج آدمجی نے بھی خطاب کیاجبکہ حاضرین میں سے عالمی اردو مرکز کے اطہر عباسی، معروف بزنس مین ابوبکر میمن ، پاکستان رائٹرز فورم کے نیاز احمد نے بھی خطاب کیا۔
آخر میں مہمان خصوصی نجیب اللہ درانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے میمن کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور قونصلیٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی مسائل ہم ایمانداری اور لگن کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔الحمدللہ کئی پاکستانیوں کو جیلوں سے رہا کروا کر وطن روانہ کیا ہے اور کئی لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ آخر میں ویلفیئر قونصلر نے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیاجس کے بعدنجیب اللہ درانی کومیمن ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔بعدازاں ماہنامہ جاری کرنے والی ٹیم کے ارکان کو بھی شیلڈ سے نوازا گیا۔رشید کاسمانی اور سراج آدمجی کو بھی تعریفی شیلڈ سے نوازا گیا۔شعیب سکندر، احمد کمال مکی کو عمدہ کارکردگی پر انعام پیش کیا گیا اور نائب صدر ویلفیئرسوسائٹی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں حاضرین کی تواضع پُرتکلف عشائیے سے کی گئی۔