سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں ویرات کوہلی کے آرام پر غور
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
ممبئی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ممکنہ طور پر کپتان ویرات کوہلی کو آرام کا موقع دینے پر غور کر رہا ہے۔اگر چہ ان کا نام ابتدائی 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے اعلان کردہ ٹیم میں موجود ہے لیکن انہیں سیریز کے درمیان یا ون ڈے سیریز میں آرام کرایا جاسکتا ہے ۔ اس کی وجہ ٹیم کا انتہائی مصروف شیڈول بتایا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں آرام کا موقع نہیں مل رہا۔بورڈ عہدیدار نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی گزشتہ ایک سال سے مسلسل کھیل رہے ہیں اور انہیں اب کسی مرحلے پر آرام دیا جانا چایئے۔ عہدیدار نے یہ بھی واضح کیا کہ کوہلی کی جانب سے اس بارے میںکوئی درخواست نہیں کی گئی تاہم بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کپتان نے اس بارے میں خود بورڈ کو تحریری طور پرکہاہے کہ انہیں کچھ آرام کی ضرورت ہے ۔عہدیدار کے مطابق یہ اقدام ٹیم انتظامیہ کی اس روٹیشن پالیسی سے بھی مطابقت رکھتا ہے جس میں کھلاڑیوں کو کچھ وقت سستانے کا وقفہ دیا جاتا ہے اور اب کوہلی کا نمبر بھی ہے۔