پاکبان جدید ذرائع کا استعمال کر کے دنیا کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی دیں، سفیر پاکستان
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں انتہائی مدلل انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور یہ کہ اس سہ فریقی قضیے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق استصواب رائے دینے میں ہی ہے۔ وہ یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے سفارتخانے میں منعقدہ ایک تقریب سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر بلال احمد، ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان، ایرونیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور سیکنڈ سیکریٹری عمر منظور ملک کے علاوہ پاکستانی سیاسی جماعتوں کے ریاض میں مقیم عہدیداروں اور ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ خان ھشام بن صدیق نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو اسلامی تعاون تنظیم اور سعودی عرب کی مکمل حمایت حاصل ہے جس کے لئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے وادی کشمیر میں قابض ہندوستانی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ غاصب فوج کی چھرے دار بندوقوں سے بے نور ہو جانے کے باوجود تحریک آزادی جاری رکھ رہے تھے۔ خان ھشام بن صدیق نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا انسانی حقوق پر رابطہ گروپ کشمیر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہندوستان گیا تھا تا ہم انہیں ہندوستانی حکومت نے سرینگر جانے کی اجازت نہ دی۔ انہوںنے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی سفارتی کوششوں کا محور ہے او ریہ کہ اس پر حکومت اور وزارت خارجہ کا موقف یکساں ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ جدید ذرائع ابلاغ کا استعمال کر کے دنیا کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی دیں۔خان ھشام بن صدیق نے یہ ہدایت بھی کی کہ کشمیر پر ہونے والے اجتماعات میں نوجوان طلباءکو بھی مدعو کیا جائے تا کہ مستقبل کی نسلیں اس مسئلے سے آگاہ ہو سکیں۔ تقریب کا آغاز قاری نعمت اللہ کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد سیف اللہ خان نے مسئلہ کشمیر پرروشنی ڈالتے ہوئے اجتماع کی غرض و غایت بیا ن کی۔ ڈاکٹر بلال احمد اور عمر منظور ملک نے بالترتیب صدر پاکستان او روزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ بعدازاں سردار محمد رزاق خان ، محمد ریاض راٹھور،عبدالقیوم خان، حافظ عبدالوحید فتح محمد، حاجی احسان دانش، چوہدری محمد رفیق، زاہد لطیف سندھو اور فیاض علی خان نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔ راشد محمود بٹ نے قرار داد پیش کی جس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیر میں رائے شماری کرائے۔ تقریب کی نظامت محمد خالد رانا نے کی۔ اس موقع پر مسئلہ کشمیر اور ہندوستانی مظالم پر ایک فلم بھی دکھائی گئی۔