مکہ مکرمہ.... سعودی عرب کے قومی ترانے کے خالق معروف شاعر ابراہیم خفاجی گزشتہ ایک ہفتے سے کومامیں ہیں ۔ خفاجی کو مکہ مکرمہ کے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی میں رکھا گیا ہے ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خفاجی کے بیٹے ثامر نے بتایا کہ انکے والد کی حالت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ انہیں 22 ستمبر کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد سے وہ مکمل بے ہوش ہیں ۔ ابھی تک انکی صحت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ ثامر نے مزید بتایاکہ انہو ں نے امریکہ کے بڑے طبی اداروں سے رابطہ کیا تھا کہ انہیں علاج کے لئے وہاں منتقل کیا جاسکے مگر وہاں سے اس لئے انکار کر دیا گیا کہ کوما کی حالت میں والد کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے خاص کر انکی عمر بھی 90 برس سے تجاوز کر چکی ہے ۔ بیرون ملک طبی اداروں کی جانب سے جواب ملنے پر ہم نے انہیں یہاں داخل کر دیا ۔ گزشتہ روز انکی حالت قدرے سنبھلی تھی مگر وہ کوما سے نہ نکل سکے جس کے بعد ڈاکٹروں نے مصنوعی تنفس پر انہیں منتقل کر دیا ۔