مملکت سے 3ارب کما کر جانے والا
اتوار 29 اکتوبر 2017 3:00
نئی دہلی .... ہندوستانی جرائد نے رپورٹ دی ہے کہ ایک ہندوستانی سرمایہ کار پرکاش رانا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سعودی عرب سے 3ارب سے زیادہ روپے لیکر وطن واپس آگیا۔ ہماچل پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ہندوستانی اخبارات نے مذکورہ رپورٹ دھماکہ خیز شکل میں پیش کی۔ ڈیلی پوسٹ نے اپنی ویب سائٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ پرکاش رانا 1985ءمیں سعودی عرب گیا تھا ۔ وہاں مختلف کام کئے۔ اس نے ٹرانسپورٹ، تعمیرات، الماس اور انجینیئرنگ کے آلات کے شعبوں میں متعدد کمپنیاں قائم کیں۔ پرکاش نے سعودی عرب میں غیر معمولی دولت کمائی۔ اس نے الیکشن کمیشن کو اپنی دولت سے متعلق حیران کن اعدادوشمار پیش کئے۔ وہ سعودی عرب سے اثاثوں اور غیر منقولہ جائدادوں کی شکل میں 3ارب روپے سے زائد کما کر لایا۔ بینکوں میںاسکے 47اکاﺅنٹ ہیں اور 13انشورنس اسکیمیں خریدے ہوئے ہے جس کی قیمت 20ملین روپے سے زیادہ ہے۔ اگر پرکاش انتخابات میں جیت گیا تو وہ اپنی ماہانہ تنخواہ اپنے علاقے کے باشندوں کی خدمت پر خرچ کریگا۔ ڈیلی پوسٹ نے پرکاش کے محل نما مکان کی تصاویر بھی جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ہماچل پردیش میں اسکا محل ہیلی پیڈ سے آراستہ ہے۔ وہ سعودی عرب اور ہندوستان کا سفر اپنے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتا ہے۔ پرکاش نے بتایا کہ میں یہاں اپنے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کیلئے واپس ہوا ہوں۔ میں نے ہمیشہ اپنی کمائی کا 10فیصد حصہ اپنے علاقے کے باشندوں کی صلاح و فلاح پر خرچ کیا۔