عرعر..... شمالی حدود ریجن میں اتوار کو گردو غبار کے طوفا ن نے سرکاری و نجی اداروں کی سرگرمیوں کو معطل کر ڈالا۔ گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے ہدایت جاری کی کہ اتوار کو طلبہ کو غیر حاضر نہ شمار کیا جائے اور پیر کو بھی اسکول بند رکھے جائیں۔ ماہرین موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج پیر کو بھی گردو غبار کا طوفان جاری رہے گا۔ گردوغبار کے باعث اسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی۔ تنفس کے مریضوں نے کثیر تعداد میں ایمرجنسی وارڈ کا رخ کیا۔ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے گردو غبار کے اثرات سے بچنے کیلئے ماسک استعمال کئے۔ قریب کا منظر صاف نہ ہونے کے باعث عر عر ایئرپورٹ پر طیاروں کی آمدو رفت بھی متاثر ہوئی۔ اطلاعات یہ ہیں کہ گرد و غبار کا طوفان آج پیر کو حائل ، قصیم ، حفرالباطن اور مغربی کویت کو بھی اپنے حصار میں لے لے گا۔