Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین ڈرائیور حادثات کی بھرمار کردیں گی، مرد، غلط فہمی دور کرلیں، لڑکیاں

 ریاض.... سعودی عرب میں ڈرائیونگ کی اجازت ملنے پر خواتین اور مردوں کے درمیان نوک جھونک نقطہ عروج کو پہنچ گئی۔ مردوں کا کہنا ہے کہ خواتین ڈرائیونگ کریں گی تو حادثات کی بھرمار کرکے پورے معاشرے کو پریشان کر ڈالیں گی۔ وہ خوبصورت زنانہ لباس اور ڈرائیونگ میں فرق نہیں کرسکیں گی۔ خواتین کو ڈرائیونگ کا نہ تو ہنر آتا ہے اور نہ ہی اس کا انہیں کوئی تجربہ ہے۔ اس وجہ سے حادثات کی بھر مار ہوگی ۔ یہ خدشات بے بنیاد نہیں ہیں۔ سحر عبدالغنی نامی خاتون نے مذکورہ الزامات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ مرد حضرات ڈرائیونگ کی بابت خواتین کی لیاقت اور صلاحیت سے متعلق شکوک و شبہات پھیلانا بند کریں خواتین کی صلاحیتوں کے بارے میں غلط فہمی دور کرلیں ۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ خود میں نے ڈرائیونگ سے متعلق معلومات اور شعو ر و آگہی حاصل کرنا شروع کردی ہے۔ دینا القثمی نے کہا کہ سعودی خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ گاڑی چلانا بھی مشکل نہیں ہوگا۔ اصایل سلطان نے کہا کہ وہ جلد ہی ڈرائیونگ سیکھ لے گی اور اس میں مہارت بھی حاصل کرلے گی البتہ گاڑی انتہائی ضرورت کے وقت ہی چلائےں گی۔ دیمہ ابو العین نے توجہ دلائی کہ مردوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ بہت ساری خواتین گاڑیاں انتہائی مہارت سے چلانا جانتی ہیں۔ ڈرائیونگ میں غلطی یا لاپروائی کا الزام جملہ خواتین پر لگا دینا انصاف نہیں۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت حال ہی میں ملی ہے قبل از وقت اس تجربے کی بابت انتہائی خیالات کا اظہار غلط ہے۔ شروع میں غلطیاں ہونگی ، فطری امر ہے۔ رفتہ رفتہ غلطیاں ختم ہوجائیں گی۔ ریما  القثنی نے کہا کہ خواتین کو موقع دینا چاہئے وہ پہلے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہے، اس شعبے میں بھی اچھی توقعات رکھنا چاہئیں۔ ایک اور خاتون نے کہا کہ شروع میں خواتین گاڑیوں کے سلسلے میں بے وقوفیاں کرسکتی ہیں مگر رفتہ رفتہ یہ چیزیں ختم ہوجائیں گی۔ دوسری جانب سعودی خواتین کے حلقوں میں پسندیدہ گاڑیوں کی بابت بھی بحث چھڑ گئی ہے ۔ زیادہ تر خواتین مرسیڈز کو ترجیح دے رہی ہیں۔ 

شیئر: