Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں بھی وائٹ واش کردیا، سری لنکن کو سر اٹھانے کا موقع نہیں ملا

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 36رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے جیت کےلئے 181 رنز کاہدف دیا جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور عمر امین نے پاکستانی اننگز کا آغازکیا، دونوں نے 57 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 31 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ عمر امین نے 45 رنز بنائے ۔ بعدازاں شعیب ملک اور بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 75 رنز کی شراکت قائم کی۔شعیب ملک نے ایک اور نصف سنچری اسکور کی ۔ وہ24گیندوں پر 5چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 51رنز بناکر آوٹ ہوئے اس وقت مجموعی اسکور 166رنز تھا۔شعیب ملک کومین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں عمدہ پرفارمنس پر مین آف دی سیریز کا اعزا ز بھی شعیب ملک کے حصے میں آیا۔ بابر اعظم نے میچ میں خوبصورت34 رنز کا حصہ ڈالا۔پاکستانی ٹیم نے سنجیا کے آخری اوور میں 23رنز کا اضافہ کیا جس میں 3چھکے شامل تھے۔فہیم اشرف نے 3گیندوں پر 2چھکوں کی مددسے 13رنز بنائے اور پاکستان کا مجموعی اسکور 3وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز تک پہنچا دیا۔سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 21رنز پر 3کھلاڑی واپس جا چکے تھے۔ ڈی سلوا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن محمد عامر نے 21کے اسکور پر انہیں آوٹ کردیا۔ دوسان شناکا قدرے سنبھل کر کھیلتے رہے اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 54 رنز بنائے مگر وہ فہیم اشرف کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے اس وقت مجموعی اسکور 106 تھا۔کپتان تھسارا پریرا 142کے اسکور پر صرف 10 رنز بنا کر ا حسن علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے تاہم پوری ٹیم صرف 144 رنز ہی بناسکی۔ محمد عامر نے 4، فہیم اشرف نے 2 جبکہ عماد وسیم، محمد حفیظ اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: