حیدرآباد۔۔۔ قائد مجلس مقننہ پارٹی اکبراویسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جاناریڈی کو ان کی پارٹی کے بعض ارکان گمراہ کررہے ہیں۔انہوںنے وقفہ سوالات کو روک کر تحریک التوا پر مباحث کروانے جاناریڈی کے مطالبہ پر کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کے پہلے سیشن میں ہی تمام جماعتوں نے متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیا تھا کہ وقفہ سوالات کے بعد ہی تحریک التوا پرمباحث ہوں گے ۔انہوںنے واضح کیاکہ کانگریس پارٹی ہر سیشن میں اپنا موقف تبدیل نہیں کر سکتی کیونکہ تمام جماعتوںنے اس مسئلہ پر متفقہ طورپرفیصلہ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ساڑھے تین سال تک کانگریس نے اس مسئلہ پر اپنا احتجاج نہیں کیا او راب اچانک اس پر کانگریس پارٹی اپنا موقف تبدیل کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ جاناریڈی کا احترام کرتے ہیں ۔گزشتہ روز اسی مسئلہ پر جب انہوںنے واک آؤٹ کرنے کا اعلان کیا تو ان کی پارٹی کے ارکان بیٹھے رہے ۔انہوںنے کہا کہ تحریک التوا پر مباحث ضروری ہے تاہم اس پر وقفہ سوالات سے پہلے مباحث کروائے جائیں یا پھر بعد میں کروائے جائیں ا س کا فیصلہ بی اے سی کی میٹنگ میں کیا جائے ۔انہوںنے اسپیکر مدھوسدن چاری سے خواہش کی کہ وہ آ ج ہی بی اے سی کی میٹنگ کرتے ہوئے اس مسئلہ پر وضاحت کریں ۔بعد ازاں اسپیکر نے ایوان میں واضح کیا کہ پہلے ہی بی اے سی کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلہ کے مطابق وقفہ سوالات کے بعد ہی تحریکات التوا پر فیصلہ کیاجائے گا۔