چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں ویراٹ کوہلی کا کیچ پکڑنے پر انڈین فینز نیوزی لینڈ کے کھلاڑی گلین فلپس کی بجائے غلط ’فلپس‘ کو ٹرول کر رہے ہیں۔
اتوار کو دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور انڈیا کے میچ کے دوران گلین فلپس نے ہوا میں اچھلتے ہوئے ویراٹ کوہلی کا ایک ہاتھ سے کیچ پکڑا اور انہیں 11 رنز پر ہی پولین لوٹنا پڑا۔
مزید پڑھیں
-
چیمپئنز ٹرافی: انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے ہرا دیاNode ID: 886638
-
چیمپئنز ٹرافی: سیمی فائنل کا معرکہ، کون میدان مار سکتا ہے؟Node ID: 886673
گلین فلپس کے اس شاندار کیچ سے ویراٹ کوہلی خود بھی حیران نظر آئے اور گراؤنڈ سے لے کر سوشل میڈیا تک اسی کیچ کے چرچے ہوتے رہے۔
لیکن ویراٹ کے کچھ ایسے مداح بھی تھے جنہوں نے ناراضگی اور غصے کا اظہار کرنے کے لیے انسٹاگرام پر گلین فلپس کے اکاؤنٹ کا رخ تو کیا مگر اکاؤنٹ غلط چن لیا۔
کوہلی کے فینز الیکٹرک کمپنی ’فلپس‘ کی پوسٹوں کے نیچے کمنٹس کرتے دکھائی دیے۔
ایک صارف نے لکھا ’کوہلی کو کیوں آؤٹ کیا، کسی نے لکھا مارا جائے گا فلپس تو کوئی لکھتا ہے زیادہ کیچ لینے نہیں آرہے؟‘
ایک اور پوسٹ کے نیچے کسی نے کمنٹ کیا کہ ’بغیر پیسے کے فلپس کی پروموشن ہو گئی۔‘
اسی طرح کے کمنٹس فلپس انڈیا کی پوسٹ کے نیچے بھی دکھائی دیے جہاں ایک صارف لکھتے ہیں ’فلپس کمپنی بھی کہے گی کہ ہم لائٹس بناتے ہیں فیلڈر نہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’تم نے ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کیا، ہم اب فلپس کا بلب خریدنا بند کر دیں گے۔‘
دوسری جگہ کسی نے کمنٹ میں کہا کہ ’آر سی بی فینز بہت اچھے، کرے کوئی بھرے کوئی۔‘
فلپس کمپنی کے بین الاقوامی اور انڈین اکاؤنٹس کی پوسٹس پر نظر دوڑائی جائے تو پتا چلتا ہے کہ ان پوسٹس پر لائیکس سے زائد کمنٹس کیے جا رہے ہیں۔
انٹرنیٹ پر جہاں ان کمنٹس سے سب حیران ہیں وہیں کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ وائرل ہونے کے لیے ایسا جان بوجھ کر بھی کیا جاتا ہے۔