جدہ.... امیر محمد بن سلمان مینجمنٹ کالج نے جدید علوم اور ریسرچ کیلئے ایک ارب ریال کے سرمائے سے وقف فنڈ قائم کر دیا۔ یہ کالج کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں کام کر رہا ہے۔ کالج کے ڈپٹی چیئرمین فہد الرشید نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ وقف فنڈ کے لئے ایک ارب ریال 2020ءتک مہیا ہونگے۔ کالج جدید علوم او ر ریسرچ کے شعبوں میں قائدانہ اسکیموں کو فروغ دیگا۔ اسی مقصد کیلئے وقف فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام سعودی ویژن 2030ءاور نوجوانوں کی امنگوں کو مدنظر رکھ کر روبہ عمل لایا جا رہا ہے۔ الرشید نے بتایا کہ کالج کے اسکالرز کو معاشرے کی بنیادی ضرورتوں سے تعلق رکھنے والے امور پر تحقیق اور مطالعے کیلئے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ ان کی تحقیق اور مطالعے کے نتائج کو معاشرے میں لاگو کیا جائے گا۔ قومی اقتصاد اور ترقیاتی عمل کو بہتر بنانے کا اہتمام ہو گا۔ کالج نے وقف فنڈ طویل المیعاد مالیاتی ذرائع پیدا کرن کی غرض سے قائم کیا ہے۔ لوک ہیڈ مارٹن کمپنی اس مد میں 375ملین ریال پیش کرے گی۔ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور انٹرنیشنل بیبسن میں اس حوالے سے معاہدہ ہو چکا ہے۔ امیر محمد بن سلمان مینجمنٹ کالج دنیا کی اہم اکیڈمیوں اور بڑی تنظیموں کی رکنیت حاصل کر چکا ہے۔ کالج متعدد فورم اور علمی پروگرام منعقد کر کے 3ہزار سے زیادہ سرمایہ کاروں ، اسکالرز ، طلباءاور کلیدی کردار ادا کرنے والی شخصیتوں کو مدعو کر چکا ہے۔