ٹی ٹوئنٹی: ہند نے نیوزی لینڈ کو 53 رنز سے ہرا دیا
نئی دہلی: روہت شرما اور شیکھر دھون کی پہلی وکٹ کی 158 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت ہند نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 53 رنز سے ہراکر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ہند نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ روہت شرما اور شیکھر دھون نے 80، 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ دھون کو مین آف دی میچ قرا ردیاگیا۔ ہندوستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر فاسٹ بولر اشیش نہرا کو حتمی اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے شاندار انداز میں انہیں رخصت کیاگیا۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی کیوی کھلاڑی ہندوستانی بولنگ اٹیک کا سامنا نہیں کرسکا ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناسکی۔ ہند کی جانب سے چہل اور پٹیل نے 2 ، 2 جبکہ بھونیشور، بمرا اور پانڈیا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ دوسرا میچ 4نومبر کو راجکوٹ میں جبکہ تیسرا اور آخری میچ 7نومبر کو تریوندراپورم میں کھیلا جائے گا۔