گزشتہ 3ماہ میں 400 ملین اسمارٹ فونز فروخت ہوئے
کاؤنٹر پوائنٹ کی جانب سے رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت کے حوالے سے نئی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 3ماہ میں 400 ملین اسمارٹ فونز فروخت ہوئے جو کہ پچھلی سہ ماہی کی نسبت 5 فیصد زیادہ ہے۔ فروخت کا 75 فیصد 10 بڑے اسمارٹ فونز کے نام رہا جبکہ دیگر 600 برانڈ مارکیٹ میں 25 فیصد جگہ بنا سکے۔
چائنیز برانڈ شیاؤمی ، اوپو ، ویوو اور ہواوے تیزی سے ترقی کرنے والے برانڈ میں آگے رہے جبکہ ایپل ، سیمسنگ اور ایل جی کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تیسری سہ ماہی میں فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز میں کل مارکیٹ کا 20.6 فیصد سیمسنگ کے نام رہا اور کمپنی کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ایپل برانڈ کی فروخت میں 3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شیاؤمی نے دیگر تمام کمپنیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک سہ ماہی میں اپنی فروخت میں 81 فیصد کا ریکارڈ اضافہ کیا اور کمپنی کے 28 ملین اسمارٹ فونز فروخت ہوئے۔شیاؤمی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس سال اب تک 70 ملین اسمارٹ فونز فروخت کیے ہیں اور آئندہ دو ماہ میں اس تعداد میں مزید اضافہ ہو گا۔ کمپنی کے بانی اور سی ای او لی جُن کا کہنا ہے کہ کمپنی کا اس سے قبل ایک سال میں 71 ملین اسمارٹ فون فروخت کرنے کا ریکارڈ تھا جو کہ رواں سال ٹوٹ گیا ہے۔ کمپنی اگلے سال 100 ملین اسمارٹ فونز کی فروخت کا ہدف رکھے گی اور اس مقصد کے لئے اگلے سال دنیا بھر میں 500 نئے انٹرپرائز کھولے جائیں گے۔کمپنی کے ترجمان ڈونوان سنگ کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ کمپنی نے ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں لگاتار 10 ملین سے زائد اسمارٹ فونز فروخت کیے ہیں۔کمپنی کی ترقی کی بڑی وجہ اس کی انڈیا میں بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں آئندہ سالوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔