اسلام آباد ... افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کرکے افغان حکومت اور عوام کی جانب سے جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے سفارتی اہلکار کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان نے افغان صدر سے کہا کہ پاکستان کے عوام جلال آباد میں پاکستانی سفارتکار کے قتل پر انتہائی افسردہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغان حکومت گھناونے جرم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں جلدانصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے فوری اقدامات کرے گی۔ افغان حکومت کی جانب سے مکمل تحقیقات ضروری ہیں ۔ وزیراعظم نے افغان صدر سے کہا کہ افغانستان میں سفارتکاروں اور سفارتی حدود سمیت شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔ افغان صدر نے وزیراعظم کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ افغانستان اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مکمل تحقیقات کرے گا۔ افغانستان میں کام کرنےوالے پاکستانی سفارتکاروں اور شہریوں کے تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔