لکھنؤ ۔۔۔نوٹ منسوخی کے ایک برس پورے ہونے پر حکمراں جماعت بی جے پی نے آج ملک میں ایک درجن سے زائد مقامات پر پریس کانفرنس کرکے اس کی خوبیاں گنائیں اور دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اس سلسلے میں لکھنؤ میں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے بھی وزیراعظم کے پروگرام کے تحت یہاں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انھوںنے نوٹ منسوخی کے فائدے گنوائے اور دعویٰ کیا کہ وزیر مالیات ارون جیٹلی نے نوٹ منسوخ کرکے ملک کی معاشی حالت کو سہارا دیا ۔ان سے جب ذرائع ابلاغ کے ایک شخص نے یہ پوچھ لیا کہ نوٹ منسوخی کے بعد کتنی ناجائز دولت باہر لانے میں مرکز کامیاب ہوا ،اس کے جواب میں اسمرتی ایرانی نے کہا کہ اس کی حتمی تعداد تو ابھی بتائی نہیںجاسکتی کیونکہ یہ ابھی صیغہ راز میں رکھا گیا ہے، ہاں یہ ضرور ہے کہ ناجائز دولت پر ضرب لگی ہے ۔نوٹ منسوخی سے متعلق بہت سے سوالات کے جواب دینے سے اسمرتی ایرانی یہ کہہ کر کترا گئیں کہ ان باتوں سے کوئی فائدہ نہیں بس آپ یہ دیکھئے کہ ملک کتنی تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ہماری معیشت مکمل طور پر مستحکم ہے ۔ شیئر بازار میں تیزی آئی ہے اور ملکی ماحول بہت بہتر ہے۔