سعودی فوڈ ایکس 2017 میں 35 ممالک کی 214 کمپنیاں شرکت کریں گی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) 4 روزہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ بیوریج فیسٹول کا افتتاح 12 نومبر کو الحارثی نمائش سینٹر میں کیا جارہا ہے ۔ نمائش میں پاکستان سمیت 35 ممالک کی 214 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نمائش 15 نومبر تک جاری رہے گی ۔ پاکستان سے 11 کمپنیاں نمائش میں شرکت کر رہی ہیں ۔ اس بارے میں پاکستانی قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے بہترین کمپنیوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ اعلی ترین مصنوعات کو مملکت کی مارکیٹ میں متعارف کروایا جائے ۔فوڈ فیسٹول سے پاکستانی اشیائے خورونوش مملکت میں متعارف کروائی جائیں گی ۔ نمائش میں شرکت کرنے والی بہترین کمپنیاں ہیں جن کی مصنوعات غیر معمولی شہرت کی حامل ہیں ۔نمائش سے پاک ، سعودی تجارتی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی ۔نمائش آرگنائزنگ کمیٹی کی چئیر پرسن ھیا السنیدی کا کہنا ہے کہ امسال فوڈایکس میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کی بڑی تعداد اس بات کی واضح علامت ہے کہ نمائش انتہائی کامیاب رہے گی ۔ نمائش کے لئے 9800 مربع میٹرکا رقبہ مختص کیا گیا ہے جبکہ نمائش میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کے 520 سے زائد برانڈ ز رکھے جائیں گے ۔ السنیدی نے مزید کہا کہ امسال منعقدہ نمائش میں پہلی بار اسپین کی بیف سپلائی کرنے والی کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں ۔ فوڈایکس 2017 میں سعودی عرب کی کمپنیاں بھی شرکت کر یں گی ۔ نمائش کے ڈائریکٹر رونی الحداد کا کہنا تھا کہ ©"سعودی فوڈایکس " میں دنیا بھر کے معروف برانڈ رکھے جا ئیں گے جس سے صنعت کاروں اور تاجروں کو باہمی افکار کے تبادلے کا بھی بہترین موقع ملے گا ۔ الحداد نے مزید کہا کہ نمائش میں 158 شیف بھی شرکت کر رہے ہیں جن کے مابین اشیائے خورونوش بنانے کا مقابلہ بھی منعقد کیا جائے گا ۔